ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوپی انتخابات میں بی جے پی کو 100سے زائد سیٹوں کا نقصان

یوپی انتخابات میں بی جے پی کو 100سے زائد سیٹوں کا نقصان

Sun, 14 Nov 2021 16:24:49    S.O. News Service

نئی دہلی،14؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش سمیت پنجاب،اتراکھنڈ،گوا اور منی پور اسمبلیوں کیلئے 2022کے دوران ہونے والے اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں اے بی پی اور سی ووٹر کی طرف سے کئے گئے اوپینین پول میں جو پیشین گوئی کی گئی ہے وہ بی جے پی کے حلقوں میں پریشانی کا سبب بن گئی ہے۔ آج دوپہر ظاہر کئے گئے اوپینین پول کے نتائج میں بتایاگیا ہے کہ اترپردیش میں بی جے پی کو سب سے زیادہ نقصان ہوتا نظر آرہا ہے۔ حالانکہ اس ریاست میں بی جے پی سب سے بڑی پارٹی بن کر ضرور ابھرے گی لیکن گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں اس سال پارٹی کو 108سے 120سیٹوں تک کا نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔ پول میں کہاگیا ہے کہ بی جے پی 217سے 221سیٹوں تک کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ دوسرے نمبر پر سماج وادی پارٹی ہوگی جس کو 156سیٹیں ملنے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ بہوجن سماج پارٹی کو 18سے 20/اور کانگریس کو 8تا10 سیٹیں ملنے کی پیشین گوئی سی ووٹر نے کی ہے۔ پول میں بتایاگیا ہے کہ بی جے پی 40.7فیصد ووٹ بٹورے گی۔ سماج وادی پارٹی کو 31.1ووٹ ملیں گے۔ اور بی ایس پی 15.1فیصد ووٹ لے گی۔ کانگریس کو محض 8.9فیصد ووٹوں پر اکتفا کرنا پڑسکتا ہے۔ پنجاب کے متعلق سی ووٹر نے اپنے سروے میں کہاہے کہ اس ریاست میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان کانٹے کی ٹکر ہوگی۔ سروے میں کہاگیا ہے کہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی 47تا51سیٹوں پر قبضہ کرکے سب سے بڑی پارٹی بن سکتی ہے۔ کانگریس کو 46سیٹیں ملنے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ بی جے پی اور اس کے اتحادی شرومنی اکالی دل کو اس ریاست میں کسی سیٹ پر کامیابی ملنے کا امکان نہیں ہے۔ اتراکھنڈ میں کانگریس اور بی جے پی میں کانٹے کی ٹکر ہوگی۔ بی جے پی کو 38/ اور کانگریس کو 32سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گوا میں بی جے پی کو 40میں سے 21سیٹیں ملنے پیشین گوئی کی گئی ہے۔ عام آدمی پارٹی کو 5/اور کانگریس کو 4سیٹیں مل سکتی ہیں۔ منی پور میں بھی بی جے پی کو ناگاپیپلز فرنٹ کی مدد سے اقتدار مل سکتا ہے۔ اس ریاست کی 60رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو 25تا 29، کانگریس کو 20تا 24/این پی ایف کو 4تا8/اور دیگر کو 3تا 7سیٹیں ملنے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔


Share: